شملہ،4؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ریاست میں ہوا بی جے پی حکومت کے خلاف طوفان بنتی جارہی ہے۔ مہنگائی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھانا ، بے روزگاری حکومت کے لیے مہنگی ثابت ہو رہی ہے۔ اس عوامی ناراضگی کے خوف سے بی جے پی کے ایم ایل اے مجوزہ ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔یہ بات ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان دیپک شرما نے کہی۔ شرما ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے حوالے سے بی جے پی پارٹی میٹنگ میں ارکان اسمبلی کی رائے پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے۔ کسان اور باغبان ناراض ہیں۔ بی جے پی حکومت کے وزراء کے باغبانی مخالف بیانات نے باغبانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام کو صرف سبزباغ دکھائے گئے ، جس کی وجہ سے لوگوں میں بی جے پی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی غصے کو محسوس کرتے ہوئے بی جے پی کے ایم ایل اے حکومت کو زمینی حقیقت بتا رہے ہیں۔بی جے پی ممبران اسمبلی کی رائے سے یہ واضح ہے کہ عوام اب بی جے پی حکومت کے خلاف متحرک ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں بی جے پی اب ایسے مسائل کی تلاش میں ہے تاکہ عوام کی توجہ اس مسائل سے ہٹائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ضمنی انتخابی علاقوں میں جھوٹے اعلانات کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ، لیکن حکومت اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوگی۔